نائیجیریا: 279 مغوی طالبات بازیاب‘38 تاحال لاپتا

456
ابوجا: مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا ہونے والی طالبات رہائی کے بعد سرکاری تقریب میں موجود ہیں

ابوجا (انٹرنیشنل ڈیسک) نائیجیریا میں مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا کی گئی 317 بچیوں میں سے 279 کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ منگل کی صبح ریاست زمفارا کے حکام نے تصدیق کی کہ طالبات کو بہ حفاظت آزاد کرا لیا گیا ہے ۔ ان بچیوں کو جنگیبے نامی شہر میں واقع گورنمنٹ گرلز سائنس سیکنڈری بورڈنگ اسکول سے اغوا کیا گیا تھا، تاہم 38 لڑکیاں لاپتا ہیں۔ نائیجیریا میں اس سے قبل حکومت اغواکاروں کو بھاری تاوان ادا کرنے کا اقرار کر چکی ہے، تاہم اس بار حکام کا إصرار ہے کہ انہوں نے طالبات کی رہائی کے لیے پیسہ ادا نہیں کیا۔ حکومتی اہلکاروں کے مطابق واردات میں ملوث گروہ سے مذاکرات کرکے بچیوں کی رہائی ممکن بنائی۔ نائیجیریا میں اسکول کے سیکڑوں بچوں کے اغوا کی پہلی بڑی واردات 2014ء میں پیش آئی تھی، جس کے پیچھے عسکریت پسند گروہ بوکو حرام ملوث تھا، تاہم اغوا برائے تاوان کی حالیہ وارداتوں میں ملک کی مختلف ریاستوں میں سرگرم جرائم پیشہ گروہ ملوث نظر آتے ہیں۔