بائیڈن معاہدے سے باز رہیں، ایران کو ہر جگہ نشانہ بنائینگے، اسرائیل کی دھمکی

206

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے جوہری معاہدے کے معاملے میں ایران سے نرمی برتنے پر امریکا کو دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ اسرائیل کے ریٹائرڈ فوجی اور انٹیلی جنس عہدے داروں نے امریکی صدر جو بائیڈن کو ایک خط تحریر کیا ،جس میں ایران کے ساتھ جوہری سمجھوتے میں واپسی پر خبردار کیا گیا ہے ۔ خط میں جوہری سمجھوتے کو اسرائیل کی بقا کے لیے شدید خطرہ قرار دیا گیا۔ صدر بائیڈن کو بھیجے گئے خط پر ایک ہزار ریٹائرڈ فوجی اور خفیہ اداروں کے عہدے داروں کے دست خط موجود ہیں۔ یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2015ء میں ایران اور 6بڑی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے سے انخلا کا اعلان کیا تھا۔ اس سمجھوتے کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا تھا۔ صدرجو بائیڈن اعلان کرچکے ہیں کہ امریکا جوہری سمجھوتے میں دوبارہ شمولیت کے لیے تیار ہے ، تاہم اس سلسلے میں شرط عائد کی گئی ہے کہ تہران حکومت معاہدے کی شرائط پر مکمل عمل کرتے اپنے تنصیبات میں یورینیم افزودگی کی شرح کو کم کرے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیج میں اسرائیلی جہاز کے خلاف ایرانی کارروائی کے جواب میں اب کسی ایرانی جہاز کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی فوج پورے خطے میں ایران کو نشانہ بنائے گی۔