کراچی ،نوجوان نے بس ہوسٹس پر فائرنگ کرنے کے بعد خودکشی کر لی

96

کراچی (نمائندہ جسارت ) نوجوان نے بس ہوسٹس پر فائرنگ کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کرچی کے ایم اے جناح روڈ تاج کمپلکس کے قریب انٹرسٹی بس اڈے پر نوجوان نے بس ہوسٹس کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔اڈے کے قریب فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا جب کہ نوجوان لڑکی شدید زخمی ہو گئی، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے جب کہ لڑکی کو بھی علاج کے لیے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے،اسپتال ذرائع کے مطابق لڑکی کی حالت تشویشناک ہے۔فائرنگ کرنے والے نوجوان کی شناخت 21 سالہ ملک شاہ زیب سے ہوئی۔زخمی لڑکی کی شناخت 23 سالہ تنزیلہ سے ہوئی،فائرنگ سے جاں بحق ملک شاہ زیب انٹرسٹی بس پر ملازمت کرتا تھا جب کہ لڑکی بھی انٹرسٹی بس سروس کی ملازمہ اور بس ہوسٹس ہے۔ہلاک نوجوان کا آبائی تعلق تحصیل کلر کہار چکوال سے تھا جب کہ زخمی لڑکی بہاولپور کی رہائشی ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ہلاک نوجوان نے پہلے 9 ایم ایم پستول سے لڑکی پر فائرنگ کی اوراس کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔لڑکے کو ایک گولی سر پر جب کہ زخمی لڑکی کو ایک گولی پیٹ پر جب کہ دو گولیاں ران پر لگیں۔