دشمن کی افراتفری پیدا کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں گے، آرمی چیف

149

راولپنڈی( مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن کی افراتفری پیدا کرنے کی ہرکوششیں ناکام بنائیں گے، ردالفساد کی کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے، پاکستان خطے میں امن اوراستحکام کا تہیہ کررکھا ہے، ترقی کا سفر جاری رکھنےکےلیے متحد رہنے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے شمالی اورجنوبی وزیرستان اضلاع کا دورہ کیا۔آرمی چیف کو پاک افغان سرحدی مینجمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، سماجی و معاشی منصوبوں اور بارڈر ٹرمینل کھولنے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، آرمی چیف نے آج سارا دن شمالی و جنوبی وزیرستان کے علاقوں میر علی اوراسمان منزہ میں گزارا۔آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن اوراستحکام قائم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔پاکستان بارڈرسیکورٹی مضبوط بنا کرامن واستحکام کا اپنے حصہ کا کام کررہا ہے۔ سخت محنت سے حاصل امن کو ہر صورت برقرار رکھا جائےگا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امن کو مقامی آبادی کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے بڑھائیں گے۔ افراتفری پیدا کرنے کی دشمنوں کی کوششیں ناکام بنانے کےلیےچوکس رہنا ہے۔