سندھ میں کورونا صورتحال میں بہتری‘ حکومت کا مزیدنرمی کا فیصلہ

158

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ میں کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد لاک ڈائون میں لگائی گئیں پابندیوں میں مزید نرمی کردی گئی تاہم انڈور شادیوں، انڈور ڈائننگ اور سینما کھلنے کے بارے میں 10 مارچ کو این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس او پیز سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ تمام تجارتی مراکز اور پارکوں کے کھلنے اور بند ہونے کی وقت کی پابندی سمیت50 فیصد ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق شادیوں میں300 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی اور رات10 بجے تک شادی کی تقریبات کی جاسکتی ہیں ‘ ایسے علاقے جہاں کورونا کے کیسز زیادہ رپورٹ ہوں گے وہاں مقامی انتظامیہ اسمارٹ لاک ڈائون لگا سکے گی‘ محکمہ داخلہ کی نئی ہدایات کا اطلاق 31 مارچ تک نافذ العمل ہوگا۔ علاوہ ازیںنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 31948 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح اب تک مجموعی طور پر90 لاکھ 22 ہزار 124 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ایک ہزار 163 نئے کیسز سامنے آئے ہیں‘ اس طرح کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 82 ہزار 528 ہوگئی ہے۔مزید ایک ہزار 35 افراد نے اس وائرس کو شکست دے دی۔ اس طرح صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 47 ہزار 406 ہوگئی۔ملک میں مزید 42 افراد انتقال کر گئے‘ اس طرح مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 938 ہوگئی ہے۔ موجودہ مریضوں کی تعداد 22 ہزار 184 ہے، جن میں سے ایک ہزار 529 کی حالت تشویشناک ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مزید 19 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 4372 تک پہنچ گئی ہے‘ 9186 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے267 کیسز کا پتہ چلا ‘ اس وقت 6448 مریض زیر علاج ہیں‘ 303 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جس میں سے 50 کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔