ہمارے نمبر پورے ہیں‘ اپوزیشن آج سے رونا دھونا کرے گی‘ فواد چودھری

144

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کہتے ہیں کہ اپوزیشن سینیٹ کے انتخابات کے لیے ایک ہاری ہوئی جنگ میں توانائیاں لگا رہی ہے۔اپنی ٹوئٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن سینیٹ کے انتخابات کے لیے ایک ہاری ہوئی جنگ میں توانائیاں لگا رہی ہے، 24 گھنٹوں بعد ان کا رونا دھونا شروع ہو جائے گا اور نئی کہانی ڈھنڈیں گے جس سے ٹی وی اسکرین آباد رہ سکے۔فواد چودھری نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی نابالغ سیاست روزانہ کی بنیادوں پر ترتیب پاتی ہے نہ کوئی حکمت عملی ہے اور نہ ہی کوئی پالیسی۔علاوہ ازیںفواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کیلیے نمبر پورے ہیں جبکہ اسلام آباد سے ہمارے دونوں امیدوار محفوظ طریقے سے سینیٹ الیکشن جیت جائیں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھاکہ عمران خان 2013 سے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کی بات کررہے ہیں، ہم جو قانون لے کر آئے یہ وہی ہے جو ن لیگ 2015 میں لے کر آئی تھی اور جب ن لیگ یہ قانون لے کر آئی تھی تو عمران خان نے کہا تھا یہ قانون ٹھیک ہے ہونا چاہیے لیکن اب تحریک انصاف اوپن بیلٹ کیلیے قانون لے کر آئی تو ن لیگ نے مخالف کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ آرٹیکل 226 میں ترمیم کے بغیر یہ نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہاکہ خفیہ رائے دہی حتمی نہیں ہے۔سابق صدر آصف زرداری کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ آصف زرداری بیمار تھے عدالت نہیں آسکتے تھے لیکن یوسف گیلانی کی مہم کیلیے کراچی سے اسلام آباد آئے۔ ن لیگ کی قیادت سمجھتی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے مدرسے کے بچوں کے بل پر انقلاب لے آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم جلسوں اور بلاول ایوان میں ناکام ہوگئے، ان نابالغ سیاستدانوں پر ملک کی سیاست نہیں چھوڑی جاسکتی ۔