صفدراعوان کیخلاف اشتعال انگیزتقریرکیس‘سماعت ملتوی

183

لاہور(نمائندہ جسارت) سیشن عدالت نے ن لیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان پر ریاستی اداروں کے خلاف تقریر کرنے کے الزامات کے کیس میں سرکاری وکیل کو دلائل کے لیے 16 مارچ کو طلب کرلیا۔لاہور کی سیشن عدالت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان پر ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزامات کا ٹرائل شروع کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ فرہاد علی شاہ ایڈوکیٹ نے دلائل دیے کہ مجسٹریٹ کی عدالت میں چالان حقائق کے برعکس پیش کیا گیا۔ کیپٹن صفدر نے اداروں کے خلاف تقریر نہیں کی بلکہ حکومت پر تنقید کی ۔فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنا قانون کی خلاف وزری نہیں ہے۔ ضابطہ فوجداری قانون ضوابط پورے کیے بغیر مقدمے میں طلبی کا حکم جاری کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔عدالت نے کیس پر مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن صفدر اعوان کا کہنا تھا کہ حکومتی جہاز بادلوں میں پھنس گیا ہے۔ جہاز منزل پر جاتا نظر نہیں آرہا۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کسی کے دبائو پر کام کرتے ہیں،اب تو ان کے بچے بھی نوکری چھوڑنے کا کہہ دیا۔