ایڈمنسٹریٹر کراچی کا 4-K چورنگی کی فوری تعمیر کا حکم

108

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمدکا 4-K چورنگی سرجانی سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ چورنگی کو فوری طور پر تعمیر کیا جائے۔یہ ہدایت انہوں نے اپنی زیرصدارت اجلاس میں کی۔ جس میں سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے سربراہ بلال میمن اور کے ایم سی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ چورنگی کی ٹو ٹ پھوٹ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اگر کوئی رکاوٹ ہے تو اسے فوری دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہرکی تمام چورنگیوں کو خوبصورت بنایا جائے گا جو ادارے یا ملٹی نیشنل کمپنیاں چورنگیوں کو خوبصورت اور دلکش بنانے میں دلچسپی رکھتی ہیں وہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سے رابطہ کرسکتی ہیں،طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت اداروں سے تعاون حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ وہ 4-K چورنگی کی تعمیر کے ساتھ اس کے اطراف شجرکاری کریں تاکہ یہ علاقہ خوبصورت نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی اور پارکوں اور گرین بیلٹس پر سبزہ کاری ترجیحات میں شامل ہیں۔ان کا مزیدکہناتھاکہ موجودہ انفرااسٹرکچر کو پہلے درست کیا جائے اور اس کے بعد نئے منصوبے شروع کیے جائیں۔