عمران سرکار نے نظریاتی ، اخلاقی اور تہذیبی اقدار کا بیڑا غرق کردیا، لیاقت بلوچ

195

لاہور( نمائندہ جسارت )نائب امیر جماعت اسلامی و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عمران خان سرکار نے 31 ماہ کے دور اقتدار میں نظریاتی ، اخلاقی ، تہذیبی اقدار کا بیڑا غرق کیاہے ۔ سیاسی پارلیمانی اور اقتصادی اعتبار سے ملک دیوالیہ کردیا ۔الیکشن کمیشن آئین کے مطابق وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کے علاوہ خفیہ رائے دہی سے انتخابات کرانے کا پابند ہے ،یہی جمہوری اور ضمیر کے مطابق ووٹ دینے کا مسلمہ طریقہ ہے ۔ سیاسی جماعتیں جمہوری ، اخلاقی اور قانونی ضابطے مانتی نہیں اور نہ ہی اس کے مطابق تیاری کرتی ہیں ۔ قانون کے زبردستی ڈنڈے سے اصلاح کے بجائے نئی نوعیت کی خرابیاں جنم لیتی رہیں گی ۔ الیکشن کمیشن کے پاس سینیٹ کے انتخابات خفیہ رائے دہی سے کرانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ۔ آئین سے ہٹا ہوا کوئی طریقہ کار انتخابات کی متنازع اور غیر آئینی حیثیت کو برقرار رکھے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہور میں جے آئی یوتھ اور بلدیاتی امیدواران کے ساتھ نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی سینیٹ کے انتخاب میں خیبر پختونخوا میں سیٹ اور ووٹ ایڈجسٹمنٹ کی حکمت عملی اختیار کرے گی اور قومی و سندھ اسمبلی میں ہمارے ارکان غیر جانبدار رہیں گے ۔ جماعت اسلامی نے 2018 ء کے انتخابات کے بعد واضح اور دو ٹوک حکمت عملی اختیار کر لی ہے کہ سیاسی اور انتخابی محاذ پر اپنے پرچم ، منشور ، انتخابی نشان ترازو اور کارکنان کی مسلسل جدوجہد سے ملک و ملت کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے ۔ جماعت اسلامی مجلس شوریٰ کی طے کردہ حکمت عملی کی پابند ہے ۔ کوئی دبائو، منفی و بے بنیاد پروپیگنڈا ہمیں اصولی اور سیاسی حکمت عملی سے دستبردار نہیں کرا سکتا ۔ ماضی کے حکمرانوں اور پی ٹی آئی حکومت نے برابری کی بنیاد پر عوام کو مایوس کیاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر پسپائی ، مجرمانہ غفلت اور بزدلانہ حکمت عملی کی وجہ سے یہ تاثر گہرا ہو گیاہے کہ عمران خان کشمیر کا سودا کر چکے ہیں ۔ مسئلہ کشمیر پر کوئی سازشی حل مسلط نہیں ہونے دیں گے ۔ کشمیریوں کی قربانیاں لازوال ہیں ۔ حق خود ارادیت ہی مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ہے وگرنہ مسلط کردہ ہر حل آزادی کی تڑپ اور عزم کو اور تیز کردے گا ۔