صدارتی ریفرنس حکومت کی بوکھلاہٹ تھی، حمزہ شہباز

61

لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگی رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ میں سینیٹ الیکشن پردائر کیا گیاصدارتی ریفرنس حکومت کی بوکھلاہٹ تھی، سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی ہی کامیاب ہوںگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ تحریک انصاف نے سینٹ الیکشن میں اپنے امیدواروں کو ٹکٹ غلط بانٹے ملک کے ہر صوبے میں پی ٹی آئی کے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو اپنی قیادت سے تحفظات ہیں، پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا باقاعدہ فون آیا اور میری رہائی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے حالات ایسے ہیں کہ ہم سب کو پاکستان کا خیال رکھنا پڑے گا۔ گزشتہ چند روز میں اداروں کی جانب سے کییگئے اچھے فیصلوں پر اچھی مثالیں قائم ہوئیں، جس سے عوام کا ادارں پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ملک میں سنجیدگی کا ماحول ہے اور ملک کی معیشت زمین بوس ہوچکی ہے، جسے بحال کرنے کے لیے ہر شہری کو کردار ادا کرنا پڑے گا۔