افغانستان میں امن کیلیے امریکا سے تعلقات جاری رکھیں گے‘ شیخ رشید

111

اسلام آباد(اے پی پی) وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مقصد ہے،ڈینیل پرل کیس میں عمر شیخ کی رہائی کے خلاف اپیلیں عدالت عظمیٰ میں ہیں، عدالتیں آزاد ہیں ،یقین ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ انصاف اور قانون کے مطابق ہوگا، امید ہے نئی امریکی انتظامیہ سے پاک امریکا تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو امریکا کی قائم مقام سفیر انجیلا پی ایگلر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پاکستان امریکا تعلقات ،نئی امریکی انتظامیہ اور افغانستان میں پائیدار امن ،امریکی صحافی ڈینیل پرل کیس میں ملوث ملزمان کے حوالے سے اعلیٰ عدلیہ میں اپیل اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات بہت دیرینہ ہیں،امید ہے نئی امریکی انتظامیہ سے پاک امریکا تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی،انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مقصد ہے،پاکستان نے افغانستان میں امن کے لیے بے پناہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں۔ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے نئی امریکی انتظامیہ سے بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینیل پرل کیس میں عمر شیخ کی رہائی کے خلاف اپیلیں عدالت عظمیٰ میں ہیں، پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں۔ یقین ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ انصاف اور قانون کے مطابق ہوگا۔قائمقام امریکی سفیر نے کہا کہ نئی امریکی انتظامیہ سے پاک ،امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں،افغانستان میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ قائم مقام امریکی سفیر نے کہا کہ امریکی شہری اور صحافی ڈینیل پرل کے کیس میں پاکستانی عدالت سے انصاف کی توقع ہے۔ڈینیل پرل کا خاندان انصاف کا منتظر ہے۔اس موقع پر قائم مقام امریکی سفیر نے پاکستان کے کورونا وائرس کنٹرول کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔