کاٹن یارن کا نہ ہونا درحقیقت ایکسپورٹ کا نہ ہونا ہے،زبیر موتی والا

210

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین، کونسل آف آل پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ ویلیوایڈیڈ ٹیکسٹائل سیکٹر متواتر گزشتہ پانچ ماہ سے حکومت کی توجہ کاٹن یارن جو ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے خام مال کا درجہ رکھتا ہے کی عدم دستیابی اور بحران کی طرف مبذول کروا رہا ہے ۔حکومت کی عدمت توجہی ایکسپورٹرز کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔گزشتہ چھ ماہ میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ بڑھی جبکہ گزشتہ ماہ سے ایکسپورٹ تنزلی کی طرف مائل ہو گئی ہے جس کی بنیادی وجہ کاٹن یارن کا کسی بھی قیمت پر مقامی منڈی میں دستیاب نہ ہونا ہے۔اسپنرز ایڈوانس پے منٹ لینے کے باوجود سپلائی دینے سے منحرف ہو گئے ہیں جس کے باعث ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کو برآمدی آرڈرز واپس کرنے پڑرہے ہیںاور ایکسپورٹرز نئے سودے بھی طے نہیں کر رہے۔ٹیکسٹائل ایکسپورٹس ملک کی مجموعی ایکسپورٹس کاتقریباً 60فیصد ہے، 42فیصد اربن ملازمتیں فراہم کرتا ہے جس میں سب سے زیادہ خواتین کو ملازمت دی جاتی ہے، تمام سیکٹرز سے زیادہ زرمبادلہ کماتا ہے اور 40سے زائد الائیڈ انڈسٹریز اس کے ساتھ منسلک ہیں۔حکومت نے اگر اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس نہ لیا توٹیکسٹائل سیکٹر تیزی سے زوال کا شکار ہو جائے گا۔