پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بڑا اقدام 3 ڈائریکٹر فارغ

236
ڈائریکٹر ایڈمن وسیق احمد کو آصف باجوہ سوینئر پیش کررہے ہیں،کے ایچ اے کے سیکرٹری حیدرحسین بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کراچی میں تعینات 3ڈائریکٹرز کو فارغ کردیا۔اس اقدام کو پی ایچ ایف سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے سراہاجس میںسے ایک ڈائریکٹر نے حد سے زیادہ تنگ کیا ہوا تھا ۔ ایک ملازم نے نام نہ ظاہر کرنے پر بتایا کہ حالات یہاں تک پہنچ گئے تھے کہ ڈائریکٹرز ہمیں فیڈریشن کے صدر اور سیکریٹری سے ملنے تک نہیں دیتے تھے ۔ یہ ہی نہیں تنخواہیں روک کر ہمارے گھر میں فاقے تک کی نوبت آگئی تھی۔ بات چیت کرتے ہوئے ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور آبدیدیہ ہوکر انکشاف کیا کہ ایک ریٹائرڈ ملازم نے تو ان کی زیادتیوں سے تنگ آکر خودکشی اور خود سوزی کا بھی ارادہ کرلیا تھا لیکن ساتھیوں کے سمجھانے پر وہ اس اقدام سے باز رہا ۔ دریں اثنا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اولمپیئن محمد آصف باجوہ کی جانب سے پی ایچ ایف کیمپ آفس کراچی کے سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹرآپریشن لیفٹنٹ کرنل ر سیف الرحمن، ڈائریکٹر پروجیکٹ افتخار سید اور ڈائریکٹر ایڈمن وسیق احمدکے لیے الوداعی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپیئن دانش کلیم,ڈائریکٹر ایڈمن جنید خان,کے ایچ اے سیکریٹری حیدر حسین اور جونیئر ٹیم کے ویڈیو انالسٹ ابوزر امراؤ کے علاوہ پی ایچ ایف کیمپ آفس کراچی کے ملازمین بھی موجود تھے۔