کشمیر ڈے ٹرائی اینگولر کرکٹ، رجسٹرار الیون کی فتح

268
کشمیر ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں فاتح ٹیم کا مہمان خصوصی سرفراز علی کے ساتھ گروپ فوٹو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کشمیریوںسے اظہار یکجہتی کیلیے سرسید یونیورسٹی نے چانسلر الیون، وائس چانسلر الیون اور رجسٹرار الیون کی ٹیموں کے درمیان ٹرائنگولر کرکٹ سیریز کا انعقاد کیا ۔ سیریز کے پہلے میچ میں رجسٹرار الیون نے چانسلر الیون کو 18 رنز سے شکست دی۔ 6 اوورزکے اس میچ میں رجسٹرار الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فاروق کے جارحانہ31 رنز کی بدولت جس میں 4 شاندار چھکے بھی شامل تھے 84 رنز کا ٹارگٹ سیٹ کیا۔ چانسلر الیون مقررہ اوورزمیں 6 وکٹوں کے نقصان پر 65 رنز بنا سکی۔دوسرے میچ میں چانسلر الیون نے وائس چانسلر الیون کو 13 رنز سے شکست دی۔ چانسلر الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز اسکور کیے مقابلے میں وائس چانسلر الیون 7 وکٹوں کے نقصان پر 61 رنز بنا کے ہمّت ہار گئی۔ تیسرے میچ میں رجسٹرار الیون نے وائس چانسلر الیون کو 8 رنز سے شکست دی۔ رجسٹرار الیون نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز اسکور کیے۔ وائس چانسلر الیون 7 وکٹوں کے نقصان پر 62 رنز ہی بنا سکی۔فائنل میچ میں رجسٹرار الیون نے خالد کے 20 رنز کی بدولت 67 رنز کا ٹارگٹ سیٹ کیا۔ چانسلر الیون شاندار مقابلے کے باوجود مقررہ اوورز میں میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز ہی بنا سکی۔ میچ کے مہمان خصوصی سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور ریٹائرڈ سید سرفراز علی تھے۔