ایف پی سی سی آئی کا مانچسٹر چیمبر آف کامرس کے ساتھ معاہدہ

339
صدرFPCCI میاں ناصر حیات مگوں اوربرطانوی ڈپٹی ہائی کمشنرمفاہمتی یادداشت پردستخط کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی پاک-یوکے بزنس کونسل نے گریٹر مانچسٹر چیمبرز آف کامرس (جی ایم سی سی) کے ساتھ کاروباری شراکت میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا – جی ایم سی سی میں 5000 سے زائد رجسٹرڈ برطانوی کاروبار شامل ہیں۔ دونوں فریقین کے مابین یہ اعلی سطحی انڈراسٹینڈنگ دراصل ایک باضابطہ معاہدہ ہے جو کہ پاکستان کی یوکے کے ساتھ کاروباری تاریخ کا اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے۔ اس تاریخی معاہدے میں کاروباری شراکت داری میں نمو، دوطرفہ تجارت میں اضافہ، باہمی فائدہ مند کاروباری سرگرمیاں، تجارتی مارکیٹنگ کے طریقوں کو جدید بنانا اور دو طرفہ سرمایہ کاری اور نئے منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنا شامل ہے ۔ورچوئل میٹنگ کے دوران پاک یوکے بزنس کونسل کے چیئرمین عمران خلیل نصیر نے جی ایم سی سی کے ساتھ معاہدے کے فوائد اور خوبیوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا اور دونوں اطراف کے کاروباری اداروں کے مابین مشترکہ پروگراموں کے آغاز کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ اس طرح کا پہلا پروگرام مئی 2021 میں ہوگا جس کا مقصد پاکستان میں برطانوی کاروباری اداروں کو سرمایہ کاری اور بزنس کے مواقع کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔ مزید برآںجی ایم سی سی بھی باہمی تقاریب اور اجلاس منعقد کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے اس طرح کے فیصلہ کن معاہدوں کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے باہمی تعاون سے کی جانے والی کوششوں کے ذریعے پاکستان اور برطانیہ کے مابین کاروباری اور تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کی خواہش اور عزم کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں کراچی میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر اور پاکستان کے لیے تجارت کے ڈائریکٹر مائک نے بھی شرکت کی۔ان کے ساتھ ان کے ٹیم ممبران غفران عباس نقوی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔