مسلح رہزنوں نے سینئرصحافی عتیق صدیقی کے بیٹے اور بہوکو لوٹ لیا

94

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بی ایریا میں مسلح رہزنوں نے سینئر صحافی اور روزنامہ جسارت کے سابق سٹی ایڈیٹر کے بیٹے سروش حسن اور بہو کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا۔ واقعہ پیر کی رات تقریبا ساڑھے 12بجے شب اس وقت پیش آیا جب سروش حسن اپنی اہلیہ اور چھ ماہ کے بیٹے کے ہمراہ اپنے ایک عزیز کے گھر سے نکلے ہی تھے کہ موٹر سائیکل سوار2 رہزنوں نے اسلحہ دکھاکر دونوںکے پرس اور موبائل فون چھین لیے،سروش کے مطابق پرس میں ڈیڑھ ہزار روپے سونے کی انگوٹھی اور سی این آئی سی کی فوٹو کاپی موجود تھی۔ واقعہ کے بعد سروش حسن جب رپورٹ درج کرانے پولیس اسٹیشن گئے تو پولیس نے اپنی روایت کے مطابق درخواست لے لی اوررسید دینے سے انکارکردیا۔ صحافی عتیق احمد صدیقی نے ایڈیشنل آئی جی سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور سروش حسن کو لوٹنے والے ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے ان سے چھینا گیا سامان برآمد کیا جائے۔