شاہدہ رحمانی ،فریال تالپور کے نام پر پیسے بٹورنے والا ملزم گرفتار

82

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن معمارپولیس نے پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی شاہدہ رحمانی اور فریال تالپورکے نام پر پیسے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتاری پیپلز پارٹی وومن ونگ کراچی ڈویژن کی درخواست پر عمل میں آئی جس کے بعد شاہدہ رحمانی کے بیٹے ہلال سعید کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمے میں 420 اور ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعات شامل کی گئیں۔ مدعی مقدمہ ہلال سعید کے مطابق ملزم ہائی پروفائل شخصیات، سیلیبریٹیز اور دیگر افراد سے شاہدہ رحمانی کے نام سے پیسے مانگتا تھا، ملزم نے شاہدہ رحمانی کے نام سے واٹس ایپ پروفائل بنائی اور واٹس ایپ میسج میں ایسے ظاہر کیا جاتا جیسے شاہدہ رحمانی فریال تالپور کے کہنے پر پیسے جمع کر رہی ہوں۔مدعی مقدمہ کے مطابق ایک پاکستانی سنگر اور کئی شخصیات کی جانب سے پیسے بھی ایزی پیسہ کیے گئے جبکہ ملزم نے ایم این اے قادر پٹیل، پلوشہ خان، امداد پتافی ، ایم این اے ناز بلوچ ، ایم این اے آغا رفیع اللہ ایم این اے شگفتہ جمانی، ایم این اے ابرار حسین شاہ اور ایم این اے شازیہ سنگھار کو واٹس ایپ میسجز کیے اور رقم مانگی۔مدعی ہلال سعید کے مطابق ملزم کے عمل سے میری والدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا ، ملزم کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ پولیس کی جانب سے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔