شہر کے مختلف علاقوں سے 3لاشیں برآمد، حادثے میں 4زخمی

84

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہرکے مختلف علاقوں سے 3افراد کی لاشیں ملیں۔تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی کے علاقے کورنگی نمبر ڈھائی باقری پمپ کے قریب ایک شخص کی لاش ملی جوکہ پراسرار طورپرہلاک ہوا اطلاع ملنے پرپولیس موقع پر پہنچ گئی اورلاش کو تحویل میں لیکر ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا جہاں متوفی کی شناخت 56 سالہ عظیم ولد عبدالرحمن کے نام سے کر لی گئی۔ متوفی شخص کورنگی نمبر ڈیڑھ کا رہائشی تھا اس حوالے سے عوامی کالونی پولیس نے بتایا کہ متوفی شخص دل کا دورہ پڑنے کے باعث جاں بحق ہوا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔نیوکراچی خمیسوگوٹھ میں ڈبل پی ایم ٹی کے قریب لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور30سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش کارروائی کو قبضے میں لیکر عباسی اسپتال پہنچایا ،پولیس کے مطابق متوفی نشے کا عادی ہے اور نشے کی زیادتی کے باعث ہلاک ہوا ہے۔قائد آباد کے علاقے لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب لاش کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر موقع معائنے کے بعد لاش ایمبولنس کی مددسے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی ، پولیس کے مطابق متوفی کی عمر 35سے40سال کے درمیان ہے ‘فوری طور پر شناخت اور وجہ موت کاتعین نہیں ہوسکا تاہم پولیس واقعے کی مزید جانچ کررہی ہے قبل ازیں اتوار اور پیرکی درمیانی شب طارق روڈ پر تیز رفتاری کے باعث سرکاری جیپ جی ایس 0864الٹ گئی جس کے نتیجے میں چار افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق چار افراد معمولی زخمی ہوئے تھے۔