مسلح افواج کو ہائبرڈ حملوں کے توڑ کیلیے حکمت عملی وضع کرنا ہوگی‘ صدر علوی

149

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں دشمن کے روایتی اور ہائبرڈ حملوں کا توڑ کرنے کے لیے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاریوں کے ساتھ ساتھ ہائبرڈ جنگی حکمت عملی وضع کرنا ہو گی، معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان ائرپورٹ ہیڈکوارٹرز (پی اے ایف) میں پہلی ایرو اسپیس اینڈ نیشنل سیکورٹی ورکشاپ ایرون2021ء کے شرکا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ قوم تب بنتی ہے جب معاشرے کے ہر طبقے کے مسائل حل ہوں، ہمیں دشمن کے روایتی حملوں کے ساتھ ہائبرڈ حملوں کا بھی توڑ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سیاست اور پالیسیوں میں مسلسل تبدیلیاں ہو رہی ہیں، قومی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں جدید طریقوں پر مبنی حکمت عملی اختیار کرنا اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن نیٹ ورکس سے متعلق ڈیجیٹل حملوں اور وائرس بموں کے استعمال کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے، گوگل اور فیس بک جیسی کمپنیوں سمیت انٹیلکچوئل طاقت ممالک، اقوام متحدہ اور دنیا کی پارلیمنٹس پر اثر انداز ہو رہی ہے ، سوشل میڈیا کی صورت میں عوامی رائے عامہ پر اثر انداز ہوا جا رہا ہے، سوشل میڈیا کے منفی اثرات کو کنٹرول کرنے کے لیے انفرادی سطح پر کوششیں کرنا ہوں گی، عالمی سیاسی صورتحال اور پالیسیاں تیزی سے بدلتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے سیکورٹی اتحاد کے تناظر میں عالمی منظرنامہ ہر لمحے تبدیل ہو رہا ہے، ہمیں بدلتی عالمی صورتحال کے مطابق خود کو تیار کرنا ہو گا۔