حیدرگیلانی کی وڈیو منظر عام پر۔ الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا

193

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) سینیٹ انتخابات میں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی وڈیو منظرعام پر آگئی۔ الیکشن کمیشن نے اس وڈیوکا نوٹس لے لیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وڈیو کی میرٹ پر تحقیقات ہوں گی۔ادھر یوسف گیلانی کے بیٹے حیدر گیلانی نے شازیہ مری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ وڈیو اصلی ہے، پی ٹی آئی کے اراکین دوستوں نے مجھے بلایا اور ووٹ ڈالنے کا طریقہ پوچھا اور میں نے بتادیا اس میں غلط کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کس طرح ووٹ خرید کر ارکان اسمبلی کو پچاس پچاس کروڑ کے فنڈز دیے ہیں، الیکشن کمیشن اس پر نوٹس لے کہ عمران خان ارکان اسمبلی کو کس مد میں فنڈ دے رہے ہیں؟ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، میرا ضمیر مطمئن ہے۔دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شبازگل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نااہل قراردے، وڈیو سے صاف ثابت ہوگیا ہے کہ وہ سینیٹ ووٹوں کی خریدوفروخت میں مصروف ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دلوانے کے لیے ریفرنس فائل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی نے پریس کانفرنس میں اپنے جرم کا اعتراف کیا،جو شرمناک وڈیو سامنے آئی ہے اس نے سینیٹ الیکشن پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔