چوروں کے ساتھ مقابلہ ہے‘ سینیٹ الیکشن ہم جیتیں گے‘وزیراعظم

196
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، خسرو بختیار ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور دیگر ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں کے ساتھ مقابلہ ہے ، سینیٹ کے الیکشن ہم جیتیں گے۔پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم نے مسلسل دوسرے روز بھی تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں جاری رکھیں، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی موجود تھے۔ملاقاتوں کے دوران عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں، اس لیے شفاف انتخابات کے لیے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا، ہمارے اراکین سے رابطے ہورہے ہیں مگر ہم متحد ہیں، اپوزیشن کی جانب سے پیسہ اور لالچ کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ ہماری حکومت کی ترجیح عام آدمی اور پسماندہ علاقے ہیں، پہلی مرتبہ پسماندہ علاقوں کو زیادہ ترقیاتی منصوبے دیے جارہے ہیں،عوامی نمائندوں کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی مسائل حل کریں گے۔بعد ازاں وزیر اعظم نے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ سینیٹ ہو یا قومی اسمبلی، ہماری ترجیح عوامی مفاد ہے، ہمارا مشن فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہونا ہے، ہمیں اسٹیٹس کو اور مافیا کو شکست دینا ہے، ہم لوٹ مار کا بازار ختم کر کے غریب کے حالات بہتر کرنا چاہتے ہیں، ہمارے لوگ متحد ہیں، حفیظ شیخ کامیاب ہوں گے، سینیٹ میں اکثریت حاصل کرکے عوامی مفاد کی قانون سازی کریں گے۔