خواجہ آصف کے ریمانڈ میں توسیع، کارکنان اور پولیس میں تصادم

94

لاہور (نمائندہ جسارت) غیر قانونی طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار سابق وزیر دفاع اور ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی، ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر دربارہ پیش کرنے کا حکم، سماعت 12 مارچ تک ملتوی۔ عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے آگاہ کیا کہ خواجہ آصف کیخلاف ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے اور جلد عدالت میں داخل کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں پیشی کے بعد جب جیل حکام خواجہ آصف کو دوبارہ جیل لے جانے لگے تو ن لیگی کارکن اپنے رہنما کی گاڑی کے سامنے آگئے اور ان کے حق میں نعرے لگائے، پولیس اہلکاروں نے کارکنوں کو ہٹانے کی کوشش کی،جس پر کارکنوں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ہوگئی۔