لاپتا افراد کیس، عدالت پولیس حکام پر برہم،رپورٹس پر عدم اطمینان

110

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت، عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر اداروں سے تفصیلی رپورٹس طلب کرلی۔ سندھ ہائیکورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران بیشتر کیسز میں لاپتا افراد کے اہلخانہ کی عدم موجودگی پر عدالت نے پولیس حکام پر برہمی کا اظہار کیا، عدالت کا کہنا تھا کہ کسی کا بیٹا لاپتا ہے کسی کا شوہر غائب ہے، لوگ سمجھتے ہیں پولیس افسران کچھ نہیں کرتے، لوگ مایوس ہوکر عدالتوں میں بھی اب پیش نہیں ہوتے، لاپتا افراد کے اہلخانہ سمجھتے ہیں پیش ہوکر بھی کچھ نہیں ہوگا، لاپتا افرادکے اہلخانہ کا اعتماد اٹھ جانا ہمارے لیے افسوس کا مقام ہے۔ عدالت نے لاپتا شہری بلال اور دیگر سے متعلق رپورٹس غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت اور دیگر اداروں سے تفصیلی رپورٹس طلب کرلی، عدالت کا کہنا تھا کہ لاپتا شہری جہاں بھی ہیں بازیاب کراکر پیش کیا جائے۔