دشمن کے ناپاک عزائم سے باخبر اور پرعزم رہنا ہوگا، آرمی چیف

145

راولپنڈی (صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن ایجنسیاں آپریشن رد الفساد کے نتیجے میں حاصل شدہ فوائد کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، ہمیں دشمن کے ناپاک ارادوں سے باخبر اور پرعزم رہنا ہوگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی اور شمالی وزیرستان کا اہم دورہ کیا، آرمی چیف نے میر علی کے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہا۔ فوجی حکام کی جانب سے آرمی چیف کو بارڈر مینجمنٹ، علاقے کے استحکام کیلیے جاری آپریشنز، علاقے کی ترقی سمیت سرحدی راہداریاں کھولنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے سربراہ نے جنوبی وزیرستان کے علاقوں آسمان منزہ اور میر علی میں مکمل دن گزارا اور علاقے میں سول انتظامیہ کی رٹ کے قیام کیلیے افسران اور جوانوں کے تعاون کو سراہا۔