پاک چین تعلقات خطے میں امن واستحکام کے ضامن ہیں‘ شاہ محمود

216

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قومی ترقی کے لیے سی پیک کے ناگزیر ہونے پر پاکستان میں مکمل سیاسی اتفاق رائے ہے، چین نے پاکستان کے کلیدی اسٹرٹیجک، معاشی اور ترقیاتی ترجیحات کے معاملات میں ہماری مدد کی ہے۔ دونوں ملکوں کے تعلقات خطے میں امن و استحکام کے ضامن ہیں،دونوں ممالک عالمی اور علاقائی فورمز پر تعاون اور کلیدی مفادات کے امور پر ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے پاک چین لازوال دوستی کے70سالہ جشن کے حوالے سے وزارت خارجہ میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے سب سے پہلے چین کی ریاست کو تسلیم کیا۔ شاہ محمود نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی اور علاقائی فورمز پر تعاون کررہے ہیں اور کلیدی مفادات کے امور پر ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں۔ پاکستان ون چائنا پالیسی کی مکمل تائید وحمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کے کلیدی سٹرٹیجک، معاشی اور ترقیاتی ترجیحات کے معاملات میں ہماری مدد کی ہے،ہم رواں برس چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بلندیوں سے ہمکنار کرنے میں صدر شی جنگ پنگ کا دورہ نہایت اہم ثابت ہوگا،دونوں ممالک نے مشکل میں ایک دوسرے کے کام آنے کی اپنی شاندار روایت نبھائی ہے۔