عالمی ادارہ صحت کا پولیو آفیسرز کے کنٹریکٹ ختم کرنے کا اعلان، احتجاج جاری

355

اسلام آباد: عالمی ادارہ برائے صحت WHO نے 850 سے زائد پولیو آفیسر کا کنٹریک ختم کردیا جس کے بعد سے WHO  کے مرکزی دفتر کے باہر ملازمین کا احتجاج جاری ہے۔

مذاکرات کے دوران WHO  پاکستان کی ڈائریکٹر ڈاکٹر پلیتھا ماہیپالا نے آفیسرز کی نوکریوں کو بحال نہ کرنے کے فیصلہ سے آگاہ کردیا ہے۔ گذشتہ سال کے آغاز میں ہی WHO  نے پولیو کے خلاف مہم کو تیز کرتے ہوئے ان آفسران کو نوکریاں فراہم کی تھی۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال بھی نومبر میں پولیو آفیسرز نے کنٹریکٹ ختم ہونے اور اس میں توسیع نہ ملنے کے خلاف ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا تھا۔

اس وقت کے احتجاج کے نتیجے میں WHO  نے کنٹریکٹ میں فروری تک کی توسیع کردی تھی اور  میعاد ختم ہونے کی صورت میں انتظامیہ نے آئندہ توسیع نہ دینے کا عندیہ  بھی دے دیا تھا۔

تاہم برطرف ہونے والے پولیو آفیسرز کا کہنا ہے کہ ہم نے پورے سال اپنی جان کو خطرے میں ڈالا، بچوں کے والدین کی جانب سے   ناروا سلوک کو برداشت کرتے ہوئے  بھی پولیو کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھی مگر ہماری تمام کوششیں بے سود رہیں اور ہمیں اس قربانی  کا صلہ نوکری سے برطرفی کی صورت میں دیا گیا ہے۔ تاہم احتجاج دو روز سے جاری ہے مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات کے منظور نہ ہونے تک احتجاج جاری رہے گے۔