سینیٹ الیکشن کی تیاریاں مکمل، ووٹنگ کل ہوگی

311

اسلام آباد: پاکستان میں سینیٹ کے الیکشن کل ہورہے ہیں جن کی تیاریاں جزوی طور پر مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ امیدوار بیلٹ پیپر پر بال پوائنٹ سے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سینیٹ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہو رہا ہے، جس میں بیلٹ پیپر کی سیکریسی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ بتایا گیا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے لیے بیلٹ پیپرز پر سیریل نمبر یا کوڈ نہیں لگایا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 2 ، کے پی کے اور بلوچستان کی 12 ، 12 نشستوں پر اور سندھ کی 11 نشستوں پر انتخابات 3 مارچ کو ہو رہے ہیں جبکہ پنجاب میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات بلا مقابلہ ہوچکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل کا کام آج مکمل ہو جائے گا جبکہ بتایا گیا ہےکہ جنرل نشست کا بیلٹ پیپر سفید ، خواتین کا پنک ، ٹیکنوکریٹ کا سبز اور نان مسلم کا بیلٹ پیپر پیلے رنگ کا ہوگا۔

بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے نام اردو حروف تہجی کے اعتبار سے پرنٹ کیے جائیں گے اور قومی اسمبلی کی جنرل نشست کے بیلٹ پیپر پر حفیظ شیخ کا نام پہلے اور یوسف رضا گیلانی کا نام دوسرے نمبر پر شائع ہوگا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹرز بیلٹ پیپرز پر مہر لگانے کی بجائے بال پوائنٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کریں گے جبکہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق ووٹر موبائل فون یا ایسی کوئی ڈیوائس ساتھ نہیں رکھ سکے گا جس سے بیلٹ پیپر کی تصویر بن سکے اور آئی ڈی کارڈ کا ہونا لازمی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل اور خواتین کی ایک ایک نشست پر سادہ اکثریت لینے والا امیدوار کامیاب قرار پائے گا۔

دوسری جانب  الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی رائے پر من و عن عمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پرانے طریقہ کار سے سینیٹ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور  یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آرٹیکل 218 کے تحت شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔