کراچی سڑکوں کی تباہ حالی، حکومت کی نا اہلی کا ثبوت ہے، حافظ نعیم

736
جانوروں میں بیماری کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس طلب کیا جائے، حافظ نعیم

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں 100سے زائد اہم سڑکوں کی تباہ حالی ، ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا اور اس وجہ سے لاکھوں شہریوں کا روزانہ متاثر ہونا صوبائی حکومت ، ایڈمنسٹریٹر اور متعلقہ اداروں کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث صرف ٹریفک جام کے مسائل ہی نہیں بلکہ عوام شدید جسمانی اذیت اور کرب کا بھی شکار ہیں، حکومت اور متعلقہ ادارے شہریوں کی حالت پر رحم کریں اور تباہ حال سڑکوں کی فی الفور مرمت و تعمیر کو یقینی بنائیں ۔

 حافظ نعیم الرحمن نے ٹریفک پولیس کی جانب سے کراچی کے تمام اضلاع میں تباہ شدہ سڑکوں کی فہرست اور ان کی وجہ سے روزانہ ٹریفک جام ہونے کی نشاندہی کرنے کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ جس میں 101سڑکوں کا ذکر کیا گیا ہے ‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ 101اہم سڑکیں تو وہ ہیں جن کی ٹریفک پولیس نے نشاندہی کی ہے ورنہ اصل صورتحال تو اس سے بھی کہیں زیادہ خراب ہے اور سڑکوں پر سفر کرنے والے شہری زیادہ بہتر جانتے ہیں کہ شہر بھر میں سڑکوں کی تیاری اور خستہ حالی کے باعث سنگین صورتحال اختیار کر گئی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ سڑکیں زون وسطی میں خراب اور ٹوٹی ہوئی ہیں جن کی تعداد 31ہے جبکہ غربی میں 17جنوبی میں 14شرقی میں 10، کورنگی میں 6اور زون سٹی میں 11سڑکیں بہت زیادہ تباہ ہو چکی ہیں اور ان کی تعمیر کی ذمہ داری زیادہ تر کے ایم سی پر عائد ہو تی ہے ۔