ہمیں چوکنا رہتے ہوئے دشمن کی سازشیں ناکام بنانی ہیں، آرمی چیف

253

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے کوشاں ہے، ہمیں چوکنا رہتے ہوئے دشمن کی سازشیں ناکام بنانی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف کو بارڈر مینجمنٹ، سماجی، اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو بارڈر ٹرمینل کھولنے، جاری آپریشنز پر بھی بریفنگ دی گئی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے آْسمان منزا، میر علی میں جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں پر وقت گزارا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے جوانوں اور افسروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم کی تعریف کی اور قبائلی اضلاع میں سول انتظامیہ کی رٹ قائم کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے، پاکستان نے بارڈر سیکیورٹی کو مزید موثر، فعال بنایا ہے، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بہتر بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں امن لوٹ آیا ہے، امن و استحکام کو مزید تقویت دے رہے ہیں، آپریشن ردالفساد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ہمیں چوکنا رہتے ہوئے دشمن کی سازشیں ناکام بنانی ہیں، ترقی و امن کا سفر متحد ہوکر طے کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے میر علی میں قبائلی عمائدین سے بھی گفتگو کی، آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلیوں کی قربانیوں، تعاون کو سراہا۔