پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں کی مذمت

353

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں باغیوں کی جانب سے کیے گئے حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کے حملے علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ حملوں سے سعودی عرب کے علاقے کے ایک سرحدی گاؤں میں 5 شہری زخمی ہوئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق حوثی ملیشیا کے حملے علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔ حوثی ملیشیا کے حملوں سے بے گناہ شہریوں کی جان کو خطرہ ہوتا ہے۔

پاکستان نے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب پر حملوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

کچھ روز قبل سعودی عرب کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ گزشتہ روز یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں کی طرف سے ایک بیلسٹک میزائل داغا گیا۔ سعودی ایئرڈیفنس سسٹم نے اس بیلسٹک میزائل کا سراغ لگا لیا اور ریاض شہر کے اوپر اسے نشانہ بنا کر ناکارہ کر ڈالا تھا۔