لاڑکانہ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے دفتر پر اینٹی کرپشن کا چھاپا

104

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) اینٹی کرپشن لاڑکانہ کی ٹیم نے سرکل آفیسر امان اللہ راجپر کی سربراہی اور فرسٹ سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ عادل عزیز سولنگی کی موجودگی میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے دفتر پر چھاپا مارکر سال 20-2019ء کا تمام ریکارڈ تحویل میں لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کردی، اینٹی کرپشن افسران کے مطابق سال 20-2019ء کے دوران محکمہ پبلک ہیلتھ میں کروڑوں روپے کے ٹینڈر غیرقانونی طور پر جاری کرکے پیٹرول اور مرمت کی مد میں ادائیگیاں کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، معاملے کے متعلق سابق ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی جانب سے ایک درخواست بھی اینٹی کرپشن میں دائر کی گئی جس پر کارروائی کرکے ریکارڈ ضبط کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے، اگر معاملے میں افسران ملوث پائے گئے تو ان کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاریاں کی جائیں گی۔