ضلع بھر مین پوری کا کاروبار سر عام جاری

140

بدین (نمائندہ جسارت) ضلع بھر میں مین پوری کا کاروبار سرے عام جاری مین پوری کے استعمال کرنے والے کئی معصوم بچے عورتیں اور نوجوان مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوکر رہ گئے۔ ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ بدین ضلع سمیت ماتلی، گولارچی، تلہار، ٹنڈوباگو ودیگر چھوٹے وبڑے شہروں میں بڑے پیمانے پر مین پوری کا کاروبار سر عام جاری ہے۔ ضلع بھر کے ہزاروں معصوم بچے عورتیں اور نوجوان مین پوری کے عادی بن چکے، جس کی وجہ سے کئی بچے عورتیں اور نوجوان سانس کھانسی منہ، گلے، زبان سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوکر ضلع بھر کی سرکاری ونیم سرکاری اسپتالوں میں اپنا علاج کروانے پر مجبور ہیں۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سول سوسائٹی کے رہنمائوں احمد غوری، وکیو راجوانی، زمان عمرانی، دائود خاصخیلی ودیگر نے بتایا کہ بدین سمیت ضلع بھر میں مین پوری کا سر عام فروخت جاری ہے جبکہ اس کاروبار پر اعلیٰ عدالت کی جانب سے پابندی عائد ہے مگر افسوس کہ پابندی ہونے کے باوجود بھی مین پوری کا کاروبار سر عام جاری ہے۔ اس گندے اور مضر صحت کاروبار کی وجہ سے ہماری نئی نسل تباہ حالی کا شکار ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس عدالت عظمیٰ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور شیشن جج بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ضلع بدین میں سر عام مین پوری کا کاروبار کرنے والے افراد کیخلاف کریک ڈائون کرکے نئی نسل کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔