وفاق حکومت سندھ کے حقوق پامال کررہی ہے، ڈاکٹر آکاش

234

بدین (نمائندہ جسارت) سندھ کی علمی، ادبی، سماجی شخصیات شاعروں اور صحافیوں نے کہا ہے کہ وفاق حکومت سندھ کے حقوق پامال کررہی ہے اور سندھ کو یتیم خانہ بنا دیا ہے۔ بدین پریس کلب کی جانب سے ملک کے نامور مزاحمتی شاعر معروف ادیب، دانشور، صحافی اور سماجی شخصیت ڈاکٹر آکاش انصاری کی ادبی اور سماجی خدمات پر بدین پریس کلب کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ بدین پریس کلب کی جانب سے ڈاکٹر آکاش انصاری کے اعزاز میں نجی ہال میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں سیاسی، سماجی، کاروباری اور خواتین رہنماؤں، علمی، ادبی شخصیات، شاعروں اور ضلع بھر کے صحافیوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر معروف کالم نفیس دانشور اور شاعر میر حسن آریسر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے ڈپٹی سیکرٹری خالد کھوکھر ایگزیکٹو ممبر اور سینئر صحافی لالا رحمن سموں، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ کے صدر جئے پرکاش سندھ کے مزاحمتی شاعر حافظ نظامانی اور نامور شاعر پروفیسر نقاش علوانی نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری دور اور آمریت میں کوئی فرق نہیں، آمریت میں زبان بندی تھی اور اب آواز سنی ہی نہیں جاتی۔ بدعنوان قیادت نے سیاسی کلچر کرپٹ اور تباہ کردیا ہے۔ وفاق سندھ کے حقوق پامال کررہی ہے، وسائل اور زمینوں پر قابض ہے اور سندھ کی کرپٹ حکومت سندھ کے خزانے اور وسائل کو دونوں ہاتھوں سے بے دردی سے لوٹ رہی ہے۔ عوام کی نظریں باشعور علمی، ادبی حلقوں، شاعروں اور صحافیوں پر ہیں جو ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں، مظلوم اور حقوق سے محروم طبقے کی ترجمانی کریں۔