سندھ ہائیکورٹ: اعجاز جاکھرانی کو 15 مارچ تک گرفتار نہ کرنیکا حکم

196

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی نیب انکوائری اور ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر نیب کو پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و مشیر جیل خانہ جات اعجاز حسین جاکھرانی کو 15 مارچ تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ پیر کو 2 رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی نیب انکوائری اور ضمانت سے متعلق اعجاز حسین جاکھرانی کی درخواست پر سماعت کی، ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ انکوائری میں کال اپ نوٹس جاری نہیں کیا گیا، نیب بدنیتی پر انکوائری کر رہا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اعجاز جاکھرانی کے خلاف عدالت عظمیٰ کے حکم پر انکوائری کی جارہی ہے، اعجاز حسین جاکھرانی نے جیکب آباد میں ایجوکیشن ورکس کے منصوبوں کے نام پر کروڑوں روپے جاری کیے جبکہ فنڈز جاری ہونے کے باوجود کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا، پیسہ کرپشن کی نظر ہوگیا، کنٹریکٹرز اور آفیشلز کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں، اعجاز جاکھرانی کے خلاف 2 ریفرنس دائر ہوچکے اور تیسری انکوائری جاری ہے اس کے علاوہ عدالت اعجاز جاکھرانی کی اسی نوعیت کی پہلے ایک درخواست مسترد کرچکی ہے، اعجاز جاکھرانی کی حکم کے خلاف نظر ثانی کی درخواست بھی مسترد ہوچکی ہے۔