پی ٹی آئی کا تین اراکین سندھ اسمبلی کے اغوا کا الزام

210

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی کا 3ارکان سندھ اسمبلی کے اغواکا الزام۔ تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے پارٹی رہنمائوں فردوس شمیم نقوی، بلال غفار، جمال صدیقی ،ارسلان تاج، عدیل احمد، ارسلان فیصل مرزا اور ارم بٹ کے ساتھ انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سندھ میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،اتوار کی شام سے تحریک انصاف کے 3 ارکان اسمبلی کو اغوا کرلیا گیا ہے ، ہماری پارٹی کے3 ارکان اسمبلی ہم سے رابطے میں نہیں،ان کے فون بند ہیں،جب ہم نے ان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ اپنے اہل خانہ سے بھی رابطے میں نہیں ہیں اور ان کے اہل خانہ انتہائی فکر مند ہیں۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس سمیت تمام اداروں میں شکایات درج کرا دی ہیں،کچھ دن قبل ان لاپتا ارکان نے ہمارے کچھ ارکان کو بتایا تھا کہ انہیں مختلف طریقوں سے ڈرایا اور دباؤ ڈالا جارہا ہے اور ووٹ بیچنے کے لیے پیشکش کی جارہی ہے،ہمیں یقین ہے یہ سارا کھیل پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کھیلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کریم بخش گبول سے ڈرا دھمکا اور دبائو میں لا کر بیان دلوایا گیا ہے،کریم بخش گبول وہ شخص ہیں جنہوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کی کرپشن پر آواز اٹھائی ہے،کریم بخش گبول جیسے مخلص ارکان کبھی اپنی وفاداری نہیں بیچتے، کریم بخش گبول سمیت دیگر 2 ارکان کے بارے میں ہمیں کوئی اطلاعات نہیں مل رہیں کہ وہ کہاں موجود ہیں، ہم پیپلز پارٹی کو بتانا چاہتے ہیں کہ جس طرح وہ اپنی صوبائی حکومت کی طاقت کا ناجائز استعمال کررہے ہیں اسی طرح ہم بھی وفاق کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے انہیں دبا سکتے تھے لیکن ہم نے یہ کام کرنا مناسب نہیں سمجھا، ہم نے وزیر اعظم عمران خان کو اپنے خدشات اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کردیا تھا، ہم سب ارکان اسمبلی کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے،اگر ہمارے کسی رکن کو قتل، اغوا یا اسکے اہل خانہ کو کوئی نقصان ہوتا ہے تو اس کی ذمے داری آصف علی زرداری، مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کی قیادت پر عاید ہوگی، کچھ دن قبل ہم سب ارکان کی سیکورٹی کو واپس لے لیا گیا تھا۔