ن لیگ کی قیادت جلد (ش) لیگ کے ہاتھ میں ہوگی، فیاض چوہان

244

لاہور (آن لائن) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان کے بعد حمزہ شہباز کی رہائی پر ’’خوب گزرے گی جو مل بیٹھیں گے دیوانے دو‘‘ صادق آتا ہے، بہت جلد ’’ن‘‘ لیگ کی قیادت اور بیانیہ اب ’’ش‘‘ لیگ کے ہاتھوں میں آ جائے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ایک انڈر ٹرائل ملزم کی ضمانت پر رہائی پر جشن کی توقع صرف ن لیگ سے ہی کی جا سکتی تھی، حمزہ شہباز کی اطلاع کیلیے عرض ہے کہ ان کی سزا ختم نہیں ہوئی۔ حمزہ شہباز کا حکومت مخالف خطاب دراصل مریم لیگ کے خلاف اپنے جذبات کی عکاسی کر رہا تھا۔ فیاض چوہان نے لیگی قائدین سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آپس کے اختلافات کا ملبہ وزیراعظم عمران خان اور حکومت پر نہ ڈالیں، حمزہ شہباز سمیت کسی بھی کرپٹ فرد کو وزیر اعظم عمران خان سے این آر او کی امید نہیں رکھنی چاہیے۔