سندھ ہائیکورٹ: محکمہ آبپاشی کی اراضی سے تجاوزات ہٹانے کا حکم

104

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں محکمہ آبپاشی کی زمینوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے سے متعلق دائر درخواستوں پر محکمہ آبپاشی کی زمین سے تمام غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کا حکم دے دیا، پہلے تجارتی بلڈنگ کیخلاف کارروائی کے بجائے غریبوںکے گھر تباہ کرنے پر عدالت سندھ حکومت پر برہم، 8 مارچ تک پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ پیر کو 3 رکنی لارجر بینچ نے سندھ بھر میں محکمہ آبپاشی کی زمینوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے سے متعلق عبدالرحیم و دیگر کی توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کی، چیف انجینئر آبپاشی سمیت دیگر متعلقہ حکام پیش ہوئے۔ عدالت نے چیف انجینئر آبپاشی کو ہدایت کی کہ آپ پہلے فیز میں کمرشل بلڈنگز کے خلاف کارروائی کریں، عدالت نے حکم دیا کہ فیز 1 اور 2 میں تمام کمرشل تجاوزات ختم کرائی جائیں۔ عدالت نے سندھ حکومت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کمرشل بلڈنگ مسمار کرنے کے بجائے غربیوں کے گھر تباہ کر رہے ہیں، ہم نے آپ کو کہا تھا کہ پہلے کمرشل بلڈنگز کے خلاف کارروائی کریں بعد میں رہائشی، آپ جن غریبوں کے گھر مسمار کر رہے ہیں کیا وہ اپنے بچوں کے ساتھ سڑکوں پر رہیں گے؟ لوگ سمجھیں گے یہ حکم عدالت نے دیا ہے، جن کے گھر مسمار کر رہے ہیں انہیں متبادل بھی دیں۔