نئی نسل کو غیر فطری تعلقات کی طرف راغب کیا جارہا ہے، دردانہ صدیقی

141

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت جاری ’’مضبوط خاندان، محفوظ عورت، مستحکم معاشرہ‘‘ مہم کے سلسلے میں ضلع جنوبی کے علاقے ڈیفنس میں ورکنگ ویمن سیمینار منعقد کیا گیا جس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین دردانہ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ میڈیا اور تعلیمی نظام کے ذریعے سے ہماری نئی نسل کو غیر فطری تعلقات قائم کرنے کی طرف راغب کیا جا رہا ہے جبکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں قرآن کے ذریعے بنیادی رہنمائی دی ہے۔ عورت کو تحفظ صرف اللہ کی دی گئی ہدایات پر عمل کے ذریعے ہی مل سکتا ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وِل فورم کی صدر طلعت یاسمین نے کہا کہ یہ بات بڑی مضحکہ خیز ہے کہ عورت کو حقوق دینے کی خاطر سیاست میں گھسیٹ لیا گیا اور30 سال کے عرصے میں جنوبی ایشیا کے5 ممالک کی خواتین وزیراعظم رہیں مگر خواتین کو حقوق نہ ملے۔ ڈاکٹر شمائلہ نعیم نے خواتین کے مقام اور خاندان میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔بعد ازاں ناظمہ کراچی اسما سفیر نے اختتامی کلمات کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا۔