عزیر بلوچ عدم ثبوت پر ایک اور مقدمے سے بری

205

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے بغدادی تھانے پر حملے سے متعلق کیس میں عدم ثبوت وشواہد پر لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔سینٹرل جیل میں کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر کے مطابق عزیر بلوچ کی ایما پربغدادی تھانے پر حملہ کیا گیا تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو کیسے پتا چلا کہ عزیر بلوچ کی ایما پر حملہ کیا گیا؟۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ وہاں موجود محلے والوں نے بتایا تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے محلے والوں کو گواہ بنایا تھا؟۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ نہیں محلے والوں میں سے کسی کو گواہ نہیں بنایا تھا۔ دوران سماعت عدالت کی جانب سے عز یر بلوچ کے خلاف بغدادی تھانے پر حملے کے کیس کا فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت نے عدم ثبوت و شواہد کی بنا پرلیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو بری کر نے کا حکم دے دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق عزیر بلوچ کے خلاف بغدادی تھانے پر حملے کا مقدمہ 2012ء میں درج کیا گیا تھا۔