ـ346 بلیسٹک میزائل اور 526 ڈرون تباہ کرنے کا سعودی دعویٰ

257
سعودی عرب: حوثیوں کے بیلسٹک میزائل کا ملبہ مکان کی چھت پر پڑا ہے‘ تباہ کردہ ڈرون طیاروں کے حصے ذرائع ابلاغ کے سامنے پیش کیے گئے ہیں

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب نے یمنی حوثی باغیوں کی جانب سے اب تک داغے گئے 346 بیلسٹک میزائل اور 526 ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی زیر قیادت عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے سوا کسی اور ملک نے اتنی زیادہ تعداد میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون طیاروں کو ناکارہ نہیں بنایا ہے ۔ حوثی ملیشیا ہی واحد دہشت گرد گروپ ہے، جو سپاہ پاسداران انقلاب ایران کی مدد اور معاونت سے فوجی صلاحیتوں کا حامل ہے۔ انہوں نے العربیہ کو دیے گئے انٹرویو میں الزام عائد کیا کہ حوثیوں کے حملے ایرانی جنرلوں کے احکامات اور ہدایات کے مطابق کیے جا رہے اور ایرانی جنرل ہی مقبوضہ صنعا میں ملیشیا کو کنٹرول کررہے ہیں۔ کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ عرب عسکری اتحاد شہریوں کو ہدف بنانے کے خطرے سے نمٹنے کی تمام صلاحیتوں کا حامل ہے۔ دوسری جانب امریکا، متحدہ عرب امارات، فرانس اور سعودی عرب کی حرمین پریزیڈنسی کی جانب سے حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت ی گئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ حوثی حملوں سے نہ صرف شہریوں کو بلکہ یمن کے امن و استحکام کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ اُدھر امارات نے کی وزارت خارجہ و عالمی تعاون نے ایک بیان میں حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کو کھلی جارحیت اور قابل مذمت اقدام قرار دیتے ہوئے ریاض حکومت کے ساتھ کھڑا ہونے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دریں اثنا سعودی عرب میں فرانسیسی سفیر نے بھی ریاض، جازان اور خمیس مشیط پر ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے۔ اُدھر امور حرمین کے نگران اعلیٰ شیخ عبدالرحمن السدیس نے حملوں کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد مذہب و ملت کے دشمنوں کے خفیہ ایجنڈے پر عمل کرنا ہے۔