فرانس: جج کو خریدنے کا الزام‘ سابق صدر کو 3سال قید

209
پیرس: سابق صدر نکولاس سرکوزی اپنے خلاف فیصلہ کن سماعت کے موقع پر عدالت آرہے ہیں

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی اور ان کے 2 سابق ساتھیوں کو بدعنوانی کے الزام میں 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، تاہم اس میں 2 سال کی سزا معطل کر دی گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق 66 سالہ سرکوزی کو اپنی سیاسی جماعت میں مجرمانہ تفتیش کے بارے میں معلومات دینے کے بدلے ایک مجسٹریٹ گلبرٹ ایزربرٹ کو رشوت کے طور پر موناکو میں ایک بڑی نوکری دینے کی پیشکش کے الزام پر سزا سنائی گئی۔ سرکوزی کے سابق وکیل تھیری ہرزوگ اور ایزربرٹ کو بھی اسی جرم میں سزا دی گئی ہے۔ سرکوزی سزا کی یہ مدت گھر میں پوری کر سکتے ہیں۔ اپنے فیصلے میں جج نے کہا کہ سرکوزی جیل میں سزا پوری کرنے کے بجائے گھر میں الیکٹرانک ٹیگ لگا کر یہ سزا پوری کر سکتے ہیں۔ توقع ہے کہ سابق صدر اس کے خلاف اپیل کریں گے۔ استغاثہ نے درخواست کی تھی کہ سرکوزی کو 4 سال کی سزا دی جائے، جس میں سے آدھی معطل کر دی جانی تھی۔ سرکوزی پر 17 مارچ سے 15 اپریل تک ایک علحدہ مقدمہ بھی شروع کیا جائے گا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی 2012ء کی صدارتی مہم میں فراڈ کرتے ہوئے زیادہ پیسے خرچ کیے تھے۔ واضح رہے کہ سرکوزی 2007ء تک فرانس کے صدر رہے لیکن 2012ء میں ان کی صدارتی مہم ناکام رہی۔