سراقبال ویٹرنزفٹبال ٹورنامنٹ ،انٹرنیشنل الیون کی فتح عثمان کے شاندار 5 گول

153

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی فٹبال ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سر اقبال فائونڈیشن اور کورنگی بلوچ فٹبال کلب کے تعاون سے سر اقبال یادگاری ویٹرنز فٹبال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کورنگی بلوچ فٹبال گرائونڈ میںمنعقد ہوئی۔اس افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی کپتان غلام سرور ٹیڈی تھے جو خصوصی طور پر لاہور سے تشریف لائے ۔ اس افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان کے سابق کپتان اور انٹرنیشنل کھلاڑی ظفر اقبال ، محمد طارق، محمود رضا، اختر خان، کشور کمار، برما افریدی کے کوچ ناصر،علی ، فرید سراج، نیشنل ریفری عدنان خان. کراچی فٹبال ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر سرتاج خان سواتی، نائب صدر نبی بخش، جنرل سیکریٹری زرخان بلوچ کے علاوہ فٹبال کے حلقے سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات کے علاوہ شائقین فٹبال کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پاکستان انٹرنیشنل ویٹرن الیون اور سر امین ویٹرن الیون کے درمیان کھیلا گیا۔دونوں ٹیموں کو سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی خدمات حاصل تھیں۔میچ کے آغاز سے ہی پاکستان انٹرنیشنل کی ٹیم نے مخالف ٹیم کو دبائو میں رکھتے ہوئے اس میچ میں با آسانی ایک کے مقابلے میں 8 گول کی واضح برتری سے کامیابی حاصل کرکے3 قیمتی پوائنٹس، حاصل کرلیے، پاکستان انٹرنیشنل کی طرف سے محمد عثمان نے 5 اور ایوب عالم نے 3 گول اسکور کیے جبکہ سرامین ویٹرن الیون کی طرف سے واحد گول حبیب اللہ نے اسکور کیا۔اس میچ کو ریفری اعجاز حسین نے سپروائز کیا۔ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں آج 2میچ کھیلے جائیں گے پہلا طارق لطفی ویٹرن الیون اور سنگت ویلفئیر شرافی کے درمیان ساڑھے3 بجے جبکہ دوسرا میچ سندھ گورنمنٹ پریس اور ذوالفقار علی بھٹو ویٹرن کے درمیان ساڑھے 4 بجے کک آف ہوگا۔