کراچی کنگز کی شکست، عماد وسیم کی کپتانی پر سوال اٹھ گئے

293

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کنگز کی لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے عماد وسیم کی کپتانی پر سوالات اٹھا دیے۔ اپنے ویڈیوپر بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ عماد کو پی ایس ایل 6 کے میچ کے دوران 3 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد فیلڈ میں مزید ایکٹیو ہونا چاہیے تھا ۔انہوں نے کہا کہ محمد عامر نے اختتامی اوور میں بہت زیادہ رنز دے دیے، عماد وسیم کی حکمت عملی تھوڑی بہتر ہوسکتی تھی، جب اس وقت لاہور قلندرز نے 30رنز دے کر 3 وکٹیں گنوا دیں تو عماد وسیم کی جانب سے بہترین کپتانی کی ضرورت تھی اور انہیں وہیں لاہور قلندرز کی میچ میں واپسی کا امکان ختم کردینا چاہیے تھا ۔ رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ بین ڈنک اور فخر واحد کھلاڑی تھے جو کھیل کو لمبا کھینچ سکتے تھے اس لیے عماد وسیم کو محمد عامر کو ایک مزید اوور دینا چاہیے تھا ، محمد عامر کراچی کنگز کے بہترین بولر ہیں اور اس سال پی ایس ایل میں ہدف کا تعاقب کرنا بہت آسانی دکھائی دے رہا ہے۔انہوں نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے مابین بہترین مقابلے کی بھی تعریف کی۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ یہ میچ انتہائی سنسنی خیز رہا، موسم خوشگوار تھا اور لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مابین ہونے والے اس میچ کے بعد پی ایس ایل کا مزہ اور بھی دوبالا ہوگیا ہے۔