پاکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے،قونصل جنرل قطر

178

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) قطر کے قونصل جنرل مشال الانصاری نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کئی کاروباری اور دفاعی پیدوار کے منصوبوں پر کام جاری ہے، آئندہ برسوں میں قطر میں پاکستانی افرادی قوت کو دگنا کریں گے، پاکستان کے ساتھ ہونے والے ایل این جی معاہدے سے دونوں برادر ممالک کے تجارتی تعلقا ت مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر سلیم الزماں، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور کے سربراہ راشد صدیقی، سینئر نائب صدر ذکی شریف، نائب صدر نگہت اعوان، سابق صدور کاٹی، فرحان الرحمان، مسعود نقی، دانش خان، جوہر قندھاری، احتشام الدین، منظر عالم، شیخ فضل جلیل اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ صدرکاٹی سلیم الزماں کا کہنا تھا کہ قطر کے ساتھ ہونے والے ایل این جی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان میں صنعتوں کے لیے گیس کی فراہمی بقاء کا مسئلہ بن چکی تھی جبکہ ان حالات میں اس معاہدے سے ہماری لائف لائن بحال ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے ایل این جی کا یہ تاریخی معاہدہ قطر اور پاکستان دونوں کے لیے مفید ثابت ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے ساتھ ساتھ کئی شعبوں میں دونوں ممالک مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر کام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں ہونے والے 2022 کے فٹ بال عالمی کپ سے پیدا ہونے والے مواقع میں بڑے پیمانے پر پاکستان افرادی قوت کو روزگار مل سکتا ہے، ا س حوالے سے قطر پہلے ہی اقدامات کرچکا ہے اور مزید اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کورونا وباء کے دوران پاکستان کو طبی امداد فراہم کرنے پر قطر کا شکریہ بھی ادا کیا۔