بجلی کا شعبہ مشکلا ت کی طرف بڑھ رہا ہے،میاں زاہد حسین

237

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی اور غلط معاہدوں کی وجہ سے بجلی کا شعبہ بہت بڑی تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ عوام اور کاروباری برادری کو امید ہے کہ دوست ملک چین پاکستان کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے اسے مشکلات سے نکالنے میں مدد دے گا۔ حکومت اور آئی پی پیز کے مابین بجلی سستی کرنے کے معاملہ پر مذاکرات پایہ تکمیل پر پہنچ گئے ہیںجس سے ملک کو سالانہ بیالیس ارب روپے تک کا فائدہ ہو گا ۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کے بعد حکومت نے چینی کمپنیوں سے بجلی گھروں کا ٹیرف اور استعدادی چارجزوغیرہ کم کرنے پر بات چیت شروع کر دی ہے جو انتہائی خوش آئند اور ملکی مفادات کے عین مطابق ہے۔سی پیک کے تحت سولہ ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے بن رہے ہیں جس میں سے ساڑھے چھ ہزار میگاواٹ کے منصوبے پائپ لائن میں ہیں جن کی تکمیل سے پاکستان میں بجلی کی پیداوار ضرورت سے پچاس فیصد تک بڑھ جائے گی۔