نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ کے لئے حکیم سعید اسکالر شپ

127

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینۃ الحکمہ میں منعقدہ پُروقار تقریب میںمیٹرک و انٹر امتحانات میںنمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے104طلبہ میںشہید پاکستان حکیم محمد سعید میموریل اسکالر شپس و اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سندھ کے سیکرٹری معین الدین صدیقی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر اور چانسلرجامعہ ہمدردسعدیہ راشد، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن، ہمدرد پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر اینڈ سی ای او فاطمہ منیر احمد ،رجسٹرار پرویز علی میمن، روفیدہ نرسنگ اسکول کی پرنسل عالیہ ناصر ، ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر سید ارسلان ، ہمدردیونی وسٹی کے فیکلٹی ممبران، اساتذہ ، والدین اور طلبہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ مہمان خصوصی معین الدین صدیقی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہ شہید حکیم محمد سعید کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہم بچپن ہی سے ان کو آئیڈل سمجھ کر زندگی گزارتے آئے ہیں ۔ حکیم صاحب سے ملنا ان سے ہاتھ ملانا فخر سمجھتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آکر میں اپنے آپ پر فخر محسوس کر رہا ہوں کہ میں اس عظیم شخصیت کی بنائی ہوئی درس گاہ میں موجود ہوں۔ یہ ادارہ نہ صرف تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اس قوم کے نونہالان کی تربیت کر رہا ہے بلکہ ان کو وظائف و اسکالر شپس دے کر ان میں حوصلہ افزائی اور اعتماد پیدا کر رہا ہے تا کہ وہ سیکھیں اور محنت و لگن سے پڑھائی کر کے اپنے ملک اوروالدین کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر انہوں نے ہمدرد فاؤنڈیشن کی روح رواں محترمہ سعدیہ راشد کو خراج تحسین پیش کرتے کہا کہ حکیم محمد سعید کے مشن کو انہوں نے جاری رکھا ہوا ہے اور ہمدرد اپنا فرض بخوبی احسن نبھا رہا ہے ۔ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے کہا کہ ہمدرد یونی ورسٹی نے سالانہ بنیادوں پر بہترین طلبہ کو ایک کروڑ سے زائد کی اسکالر شپس دی ہیں۔ تقریب میں ہمدرد یونی ورسٹی کے طلبہ(بلاگرز) کی بنائی ہوئی مختصر Vlog بھی دکھائی گئی جس میں انہوں نے یونی ورسٹی اور اس کے مختلف شعبوں ، کیفے ٹیریا بالخصوص بیت الحکمہ (لائبریری) کے بارے میں خوبصورت انداز میں آگاہی دی۔