ـ24 گھنٹوں کے دوران آواراہ کتوں نے 70 افراد کو کاٹ لیا

228

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں آوارہ کتے شہریوں کی زندگیوں کیلیے شدید خطرہ بن گئے، 24 گھنٹوں کے دوران 70 سے زائد افراد آوارہ کتوں کا نشانہ بن گئے ہیں۔ گلستان جوہر بلاک 14 میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہے اور وہ علاقہ مکین خصوصاً خواتین اور بچوں کے لیے وبال جان بنے ہوئے ہیں، شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات کی وجہ سے کاٹنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ کئی قیمتی جانوں کے زیاںکے باوجود حکومتی بے حسی ختم نہیں ہو سکی۔ کتے کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات سے شہری خوف زدہ نظر آتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگانے میں اب تک ناکام دکھائی دے رہی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی انتظامیہ کے تمام تر اقدامات کے باوجود شہری بدستور آوارہ کتوں کا شکار بن رہے ہیں۔کراچی کے مختلف علاقوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران آوارہ کتوں نے 70 سے زائدافراد کو کاٹ لیا ہے۔ آوارہ کتوں کا نشانہ بننے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ آوارہ کتوں کے شہریوں کو کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باوجود آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگانے میں ضلعی انتظامیہ سست روی کا شکار ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار سے آوارہ کتوں کی دہشت برقرار ہے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کتا مار مہم کی کارروائیاں محض دعوؤں تک محدود ہیں۔گلستان جوہر بلاک 14سمیت دیگر بلاکس، لیاقت آباد،اورنگی ٹاؤن، شیرشاہ سمیت کراچی کے دیر علاقوں میں بھی آوارہ کتوں کی دہشت برقرار ہے۔بڑی تعداد میں شہری آوارہ پاگل کتوں کا شکار ہو رہے ہیں لیکن اسپتالوں میں متاثرہ افراد کیلیے ویکسین کی دستیابی مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ ایڈمنسٹر یٹر کراچی کی جانب سے ویکسین کی فراہمی سمیت پاگل کتوں کے خاتمے کیلیے اب تک اقدامات نہیں کیے جاسکے ہیں ۔ واضح رہے کہ کراچی کے مختلف شہروں میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ،کراچی میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سندھ حکومت کی جانب سے کئی بار کتا پکڑو مہم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس کے خاطر خواہ اثرات سامنے نہیں آسکے ہیں۔