اورنگی ٹاؤن کے بعض علاقوں میں 3ماہ سے گیس بند

161

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کی سب سے بڑی کچی آبادی اورنگی ٹاؤن کے بعض علاقوں میں گزشتہ3ماہ سے گیس کی فراہمی معطل ہے جس کی وجہ سے غریب مکین مہنگے داموں گیس سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں،علاقہ مکینوں نے گیس کی فراہمی فوری بحال نہ ہونے کی صورت میں ماہ مارچ سے گیس بل ادا نہ کرنے اور گیس بلز کو احتجاجا جلانے کا اعلان کیا ہے۔اتور کو اورنگی ٹاؤن سیکٹر10 ایل، ہریانہ کالونی اور اس سے ملحق علاقوں کے مکینوںنے خواتین اور بچوںکے ہمراہ مسلسل3ماہ سے گھروں کو گیس نہ ملنے کے خلاف سڑک بند کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد روفت میں معطل ہو گئی۔ احتجاجی مظاہرین نے گیس سلنڈر کے ساتھ احتجاج ریکارڈ کرایا اس موقع پر انہوں نے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جس پر گیس بحران کی آڑ میں 3 ماہ سے گیس کی بندش قبول نہیں، اسکول کھل گئے مگر گیس نہیں بچے ناشتہ کے بغیر اسکول کیسے جائیں گے؟ مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر گیس کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیا تو گیس سے محروم مکین گیس بل ادا نہیں کرینگے اور کمپنی سے جانب سے بھیجے گئے گیس بلوں کو احتجاج جلا دیں گے۔