لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کی آبادکاری میں تاخیر برداشت نہیں، محمودحامد

134

کراچی یکم مارچ(اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر اور کراچی چیمبر آف کامرس کی پروونشل اینڈ لوکل ٹیکس کمیٹی کے سینئر وائس چیئرمین محمود حامد نے کہا ہے کہ لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کی آباد کاری میں اب مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ، لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کیلیے مختص زمین پر سے تجاوزات ختم کرائی جائیں اور 2300 سے زائد الاٹیز کو ان کی زمین کا قبضہ دیا جائے تاکہ وہ اپنے روزگار شروع کر سکیں، ملک میں بے روزگاری کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ بیروزگاری کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ کاٹیج انڈسٹریز کو فروغ دیا جائے۔وہ گزشتہ روز گلشن اقبال میں لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز الاٹیز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی لانڈھی کاٹیج انڈسٹریزز کی آباد کاری میں 17 سال کی تاخیر صوبائی بلدیاتی قیادت اور بیوروکر یسی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کے احکامات پر فوری عمل کرتے ہوئے لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کیلیے مختص زمین پر سے تجاوزات ختم کرائی جائیں ۔