متاثرین اورنگی کے نقصان کاازالہ کیا جائے، مدثرانصاری

166

کراچی( اسٹاف رپورٹر) متاثرین اورنگی نالا نے اپنے حقوق کے لیے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں متاثرین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔مظاہرین نے اپنے حقوق کے لیے بینر اورپلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے ۔امیرجماعت اسلامی ضلع غربی مدثرحسین انصاری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اورنگی نالے کے متاثرین سالہا سال سے رہائش پزیر ہیں،انہوںنے زندگی کی جمع پونجی لگا کر اپنے بچوں کے سر چھپانے کا بندوبست کیا تھا، اب حکومت ان کے سر سے چھت چھینناچاہتی ہے۔ حکومت کسی متبادل منصوبے کے بغیرہیوی مشینری کے ذریعے آپریشن کررہی ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔ آپریشن سے پہلے متاثرین کے نقصان کا ازالہ کیاجائے حکومت اس حوالے سے واضح پالیسی کا اعلان کرکے مبہم صورتحال کا خاتمہ کرے۔ اس موقع پر عبدالقیوم خان جنرل سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹینے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت متاثرین اورنگی نالا کو آپریشن سے پہلے متبادل جگہ فراہم کرے۔